گلگت(اردو ٹائمز)وزیر اعلی گلگت بلتستان کا انتخاب، 4 امیدواروں نے کاغذات جمع کروا دیے
وزیر اعلی گلگت بلتستان کے انتخاب میں حصہ لینے کیلئے 4 ممبران اسمبلی نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے۔ذرائع کے مطابق فارورڈ بلاک کے حاجی گلبر خان، ہم خیال گروپ کے جاوید منوا، تحریک انصاف کے راجہ اعظم نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے، کرنل (ر) عبید اللہ بیگ بھی کاغذات جمع کروانے والے امیدواروں کی فہرست میں شامل ہیں۔
وزیراعلی گلگت بلتستان کے چنا کیلئے 13 جولائی کو انتخابات کا انعقاد ہوگا، سابق وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید کی جعلی ڈگری میں نا اہلی کے بعد قائد ایوان کی سیٹ خالی ہوئی تھی۔ گلگت بلتستان کے نئے وزیراعلی کے انتخاب کے حوالے سے اپوزیشن اور ہم خیال گروپ کے درمیان تاحال کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی، وفاقی مشیر برائے گلگت بلتستان قمرالزمان کائرہ بھی اس ضمن میں ناکام ہوئے، تمام پارٹیوں میں ڈیڈ لاک بر قرار ہے